نئی دہلی27جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ کے بھانجے رتل پوری کو اگستاویسٹ لینڈ کیس میں گرفتاری سے 29 جولائی تک عبوری راحت ملی ہے۔ کورٹ نے پیر تک گرفتاری پر روک لگا دی ہے اور رتل سے تفیتش میں تعاون کرنے کو کہا ہے۔ رتل پوری نے آگستاویسٹ لینڈ کیس میں پیشگی ضمانت کے لئے دہلی کی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔'ہندوستان پاورپروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے صدر رتل پوری نے عدالت سے کہا کہ کیس میں انہیں گرفتار کئے جانے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش میں تعاون کر رہے ہیں اور ان کی گرفتاری کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔جمعہ کو رتل پوری مبینہ طور پر باتھ روم جانے کے بہانے ای ڈی کے تفتیش کاروں کو چکما دے کر نکل گئے۔ وہ اب منسوخ ہو چکے 3600 کروڑ روپے کے ہیلی کاپٹر سودے سے جڑے معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے حالیہ دنوں ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ حکام نے ہفتہ کو الزام لگایا کہ رتل پوری نے تفتیشی افسر سے باتھ روم جانے کے لئے تھوڑا وقت مانگا، لیکن وہ واپس نہیں لوٹے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ ایجنسی کے حکام نے ان سے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن فون بند تھا۔حکام نے کہا کہ ایجنسی پوچھ گچھ کے لئے اب انہیں دوبارہ سمن بھیجنے پر غور کر رہی ہے۔ ہندوستان پاور پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے صدر رتل پوری سے ایجنسی ماضی میں بھی اس سلسلے میں پوچھ گچھ کر چکی ہے، وہ نیتا اور چراغ پوری کے بیٹے ہیں ں، نیتا کمل ناتھ کی بہن ہیں۔ دیپک پوری آپٹیکل اسٹوریج میڈیا فرم موزر بیئر کے سی ایم ڈی ہیں۔وی وی آئی پی کے لئے آگستاویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر خریدنے کے تقریبا 3600 کروڑ روپے کے سودے کو بھارت نے بدعنوانی اور رشوت کے الزامات کے باعث منسوخ کر دیا تھا۔